وفاقی دارالحکومت میں 3 روزہ تبلیغی اجتماع جاری ہے جس میں ڈھائی لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی(Mohsin Naqvi) نے جامعہ ابوالقاسم تبلیغی مرکز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں رائیونڈ اور پنڈی تبلیغی مرکز کے اکابرین یوسف قریشی، عبد الرحمن قریشی اور نائب انچارج شوریٰ ڈاکٹر سلیم نے ان کا خیر مقدم کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی مرکز کے اکابرین سے ملاقات کے دوران اسلام آباد مذاکرات کے دوران اجتماع ملتوی کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں ان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
محسن نقوی نے اس موقع پر تبلیغی اجتماع کے لیے کیے گئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اجتماع کے لیے مؤثر سکیورٹی اور ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شرکا کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
مزیدپڑھیں:پنجاب میں شدید گرمی اور خشک موسم، محکمہ موسمیات کی بارش سے متعلق پیشگوئی
انہوں نے کہا کہ منتظمین کو پولیس لائنز میں خصوصی لیکچر کے لیے بھی مدعو کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملک میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیف کمشنر اسلام آباد کے مطابق تبلیغی اجتماع کا اختتام اتوار کی صبح خصوصی دعا کے بعد ہوگا۔












ہفتہ 2 مئی 2026 