کسی جتھے کو اسلام آباد یا کسی اور شہر پر چڑھائی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی، وزیر داخلہ محسن نقوی

Calender Icon جمعہ 10 اکتوبر 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے فیض آباد کا دورہ کیا اور وہاں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیرداخلہ نے رات گئے تک ڈیوٹی پر موجود اسلام آباد پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور ان کے عزم و جذبے کو سراہا۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ کسی جتھے کو اسلام آباد یا کسی اور شہر پر چڑھائی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ “کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔” انہوں نے فیڈرل کانسٹیبلری اور اسلام آباد پولیس کے جوانوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیرداخلہ نے ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے کھانے پینے کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ جوانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔ انہوں نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں اور قانون کی عملداری یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔”

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔ وزیرداخلہ نے سکیورٹی انتظامات کو مزید مستحکم کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

یہ دورہ فیض آباد میں حالیہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں کیا گیا، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور تیاری کو سراہا گیا۔