اسلام آباد، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پاکستان میں ایک آزاد، ذمہ دار اور متحرک میڈیا کے قیام کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روایتی میڈیا (pakistan traditional media)طویل عرصے سے عوامی اعتماد اور جمہوری اقدار کے ایک مضبوط ستون کے طور پر اپنا وجود برقرار رکھے ہوئے ہے، جو معاشرے کی اصلاح اور جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے ماضی کے مختلف چیلنجز اور معرکۂ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ توازن اور وضاحت کے ساتھ دنیا کو حقائق سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کے اس کردار کو ذمہ دارانہ اور حب الوطنی پر مبنی قرار دیتے ہوئے صحافیوں کی محنت کی تعریف کی۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وقت کے بدلتے تقاضوں کے ساتھ پاکستانی میڈیا بتدریج جدید ٹولز اور عالمی کنیکٹیویٹی سے ہم آہنگ ہو رہا ہے، جس سے خبر کی رسائی اور معیار میں بہتری آئی ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پاکستان کی حقیقی تصویر اور اس کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں کلیدی مدد فراہم کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان دنیا میں منفرد جغرافیائی و تزویراتی اہمیت کا حامل ہے، طارق فضل چوہدری
انہوں نے تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان میں میڈیا کی آزادی، ذمہ داری اور تمام صحافتی اداروں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔












اتوار 3 مئی 2026 