وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر کی ملاقات

Calender Icon ہفتہ 11 اکتوبر 2025

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور ڈیجیٹل میڈیا شراکت داری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے صف اول کے کردار کی ستائش بھی کی گئی۔

اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی سمت بڑھ رہی ہے۔

وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں پوری دنیا کے امن کے لیے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت نے فیک نیوز کے خاتمے اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے جامع پالیسی متعارف کرائی۔ پاکستان قدرتی حُسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ملک ہے، سیاحت کے فروغ سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام کے مابین روابط بھی مضبوط ہوں گے، حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی قانون سازی کی جارہی ہے۔

امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے لیے۔اقدامات کو سراہا۔