وزیراعظم کے تحت ایف بی آر اصلاحات کا جائزہ، ٹیکس تنازعات کیخلاف ایکشن پلان منظور

Calender Icon منگل 5 مئی 2026

اسلام آباد میں محمد شہباز شریف(shahbaz shrif) کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جاری اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس مقدمات کے حل اور نظام کی بہتری کے لیے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ٹیکس مقدمات پر قائم ٹاسک فورس نے اپنی رپورٹ پیش کی، جسے سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے ٹاسک فورس کے سربراہ شاد محمد خان اور ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پیش کردہ ایکشن پلان کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایکشن پلان کو واضح ٹائم لائنز کے ساتھ نافذ کیا جائے اور ٹیکس تنازعات کے فوری حل کے لیے آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عدالتوں پر بوجھ کم ہو اور مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں۔

اجلاس میں مرکزی سطح پر کیسز کی نگرانی کے لیے سی ایل ایم ایس کے قیام پر بھی زور دیا گیا، جس کے تحت ٹیکس تنازعات کا ڈیٹا منظم اور ڈیجیٹل انداز میں محفوظ کیا جائے گا، تاکہ بروقت پیروی اور شفاف رپورٹنگ ممکن ہو سکے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال اے ڈی آر نظام کے ذریعے ٹیکس تنازعات کے حل سے قومی خزانے میں 24 ارب روپے کی وصولی ہو چکی ہے، جبکہ مزید اصلاحات کے ذریعے اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:گلگت بلتستان، معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ، عوام سڑکوں پر، افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے

اجلاس میں وفاقی وزرا، اٹارنی جنرل اور متعلقہ حکام نے شرکت کی اور ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔