حکومت نے بجلی صارفین کے لیے سبسڈی(Subsidy) نظام کو مزید شفاف بنانے کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کے بلوں پر حکومتی سبسڈی کی تفصیلات واضح طور پر درج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اب صارفین اپنے ماہانہ بجلی بل میں یہ دیکھ سکیں گے کہ حکومت کی جانب سے انہیں کتنی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو دیے جانے والے ریلیف سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق سبسڈی کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے بجلی کے بلوں پر کیو آر کوڈ متعارف کرا دیا گیا ہے۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ سبسڈی کا فائدہ بلا تعطل جاری رہ سکے۔
ترجمان پاور ڈویژن نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کا مقصد صرف اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ حکومتی ریلیف حقیقی مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں تک پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کو سبسڈی کے خاتمے سے جوڑنا درست نہیں، عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
مزیدپڑھیں:پاکستان کادفاع ناقابل تسخیر ہے،زمان مہدی
وزارت توانائی کے ترجمان کے مطابق حکومت معاشی دباؤ کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ٹیکس دہندگان کے پیسے کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صارفین جلد از جلد اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ سبسڈی کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ اگر کسی صارف کو رجسٹریشن یا بل سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ اپنی متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی کی ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتا ہے۔












جمعرات 7 مئی 2026 