معرکہ حق (Marka-e-haq)کی تاریخی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب قومی جذبے، حب الوطنی اور پاکستانیت کے ولولہ انگیز نعروں سے گونجتی رہی۔
تقریب کے دوران ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ملی نغموں نے شرکاء کے جذبہ حب الوطنی کو مزید تازہ کر دیا۔ شرکاء نے مادرِ وطن کے دفاع، سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں افواجِ پاکستان کو ملک کی سلامتی کے تحفظ اور دشمن کے خلاف آہنی دیوار بننے پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے بری، بحری اور فضائی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات، قربانیوں اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے انہیں قوم کا فخر قرار دیا۔
اس موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جبکہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے ویڈیو پیغامات میں وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی افواج، سیاسی و عسکری قیادت اور پوری قوم نے وطن عزیز کی جغرافیائی سالمیت اور قومی وقار پر عظمت کی نئی مہر ثبت کی۔
مزیدپڑھیں:مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی، جیٹ فیول مزید مہنگا
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نہایت اہم اور حساس خطے میں واقع ہے اور قائداعظم محمد علی جناح کی دوراندیش قیادت نے برسوں پہلے پاکستان کے عالمی اہمیت کے حامل ملک بننے کی پیش گوئی کی تھی، جو آج حقیقت بنتی دکھائی دے رہی ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان مسلمانانِ برصغیر کے عزت و وقار کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا تھا اور پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور قومی وقار پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والا سلوک قیام پاکستان کے بروقت فیصلے کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران عالمی اور علاقائی سطح پر ہمیشہ مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور قیام امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں ملک کی مثبت خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتی ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی بھارت کو بھاری قیمت چکانا پڑی، جبکہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹھاسی گھنٹوں پر مشتمل حالیہ واقعات نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں میں قومی یکجہتی اور پاکستانیت کے جذبے کو ازسرِ نو زندہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی اور سماجی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی اتحاد کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب میں دفاعی اتاشی بریگیڈیئر عرفان علی نے چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی شرکاء تک پہنچایا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر سفیر پاکستان نے معروف شاعر مجید امجد کا شعر پڑھ کر حاضرین سے داد وصول کی:
“وطن چمکتے ہوئے کنکروں کا نام نہیں
یہ تیرے جسم، تری روح سے عبارت ہے”












ہفتہ 9 مئی 2026 