وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 25 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے

Calender Icon ہفتہ 9 مئی 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف (Shahbaz Sharif) رواں ماہ 23 سے 25 مئی تک چین کا اہم سرکاری دورہ کریں گے، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورۂ چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے، جہاں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال ہوگا۔

شہباز شریف پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے، جنہیں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

7 اکتوبر کے بعد اسرائیلی معاشرے میں انتہا پسندی میں اضافہ، فلسطینی پادری کا انتباہمزید پڑھیں؛

دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں سی پیک، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ دونوں ممالک مستقبل کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کریں گے۔