کراچی (Karachi) کے علاقے گلشنِ معمار میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں خالی پلاٹ میں موجود پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر دو کمسن بچے جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس اور امدادی ذرائع کے مطابق واقعہ سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے دھنی بخش گوٹھ میں پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر علاقہ مکینوں نے چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رضاکاروں کی مدد سے بچوں کی لاشیں گڑھے سے نکالیں اور انہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
چھیپا ترجمان چوہدری شاہد کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 11 سالہ وسیم ولد صدیق اور 10 سالہ محمد ذیشان ولد امیر محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں بچے قریبی علاقے کے رہائشی تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچے شدید گرمی کے باعث گڑھے میں جمع پانی میں نہا رہے تھے کہ اچانک ڈوب گئے۔
مزید پڑھیں؛
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور غم کی فضا پھیل گئی، جبکہ اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خالی پلاٹ کے مالک کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ پلاٹ کے گرد نہ تو چار دیواری موجود تھی اور نہ ہی وہاں کوئی چوکیدار تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق اگر ورثا کی جانب سے درخواست دی گئی تو غفلت اور لاپرواہی کے تحت مقدمہ درج کرکے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔












ہفتہ 9 مئی 2026 