پاکستان اور بنگلادیش (Pakistan and Bangladesh) کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیا کی روک تھام کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ڈھاکا میں بنگلادیشی وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کے دوران سامنے آئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی، داخلی امور اور سول آرمڈ فورسز کی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں پاکستان نے بنگلادیش کو سیف سٹی منصوبے میں مکمل تعاون کی پیش کش بھی کی، جبکہ دونوں ممالک نے سیکرٹری سطح پر جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ باہمی تعاون کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
مزید پڑھیں؛امریکی اخبار کا دعویٰ: روس بحیرہ کیسپیئن کے ذریعے ایران کو ڈرونز اور دیگر سامان فراہم کر رہا ہے
محسن نقوی نے اس موقع پر اپنے بنگلادیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بعد ازاں بنگلادیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عبید اسلام سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ملاقاتوں میں تجارت، کھیل، ثقافت، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل جدت جیسے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔












ہفتہ 9 مئی 2026 