معرکۂ حق (The fight for truth) کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پوری قوم اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک بحریہ اور سربراہ پاک فضائیہ نے بھی اس موقع پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا جانے والا یہ دن پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی اتحاد کی روشن مثال ہے۔ ترجمان کے مطابق مسلح افواج ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں اور عوام سے اپنے لازوال رشتے کو جذبۂ خدمت کے ساتھ نبھا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں؛معرکۂ حق میں پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی، وزیراعظم شہباز شریف
ترجمان پاک افواج نے کہا کہ معرکۂ حق قومی تاریخ کا ایک اہم باب بن چکا ہے، جس نے قومی عزم، عسکری مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔ اس کامیابی نے نہ صرف قوم کے اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی طاقت کے طور پر بھی اُجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق کے دوران پاکستان کے بروقت اور مؤثر ردِعمل نے دشمن کے فالس فلیگ بیانیے اور پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جبکہ عالمی سطح پر دشمن کو سبکی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں؛بھارت نے جدید اگنی میزائل کا ایک اور تجربہ کر لیا
ترجمان نے مزید کہا کہ پراکسی دہشت گردی، روایتی اور ہائبرڈ خطرات کے باوجود مسلح افواج نے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی محاذوں پر بھرپور آپریشنل تیاری دکھائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکۂ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے اور مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو مزید مؤثر انداز میں فروغ دیا گیا ہے۔












ہفتہ 9 مئی 2026 