اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 9 اکتوبر کو کولمبو (سری لنکا) میں منعقدہ تقریب میں ٹاپ 50 ویمن گلوبل ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون ممبر قومی اسمبلی ہما چغتائی کو مبارکباد پیش کی ہے اور انکے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستانی ممبر قومی اسمبلی محترمہ ہما چغتائی کا انسانی حقوق، خواتین کو با اختیار بنانے اور بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات، جدو جہد اور کارناموں کے اعتراف میں ایوارڈ حاصل کرنا قابل ستائش ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی خاتون ممبر قومی اسمبلی کی یہ کامیابی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور عالمی سطح پر مثبت اور باوقار شناخت قائم کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان خواتین کے حقوق کے فروغ، صنفی مساوات اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی بھرپور شمولیت کے لیے قانون سازی اور ادارہ جاتی اقدامات جاری رکھے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہما چغتائی کو ٹاپ 50 ویمن گلوبل ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد

