اونچی دکان پھیکا پکوان، کیمبرج ایجوکیشن کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی پیر کو آئوٹ

Calender Icon منگل 12 مئی 2026

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی پیر کو لیک ہوگیا ہے۔ میڈیا کو درجنوں طلبہ نے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے (maths paper out)کے قبل از وقت لیک ہونے کے بارے میں بتایا۔

طلبہ نے بتایا کہ (5) کوڈ نمبر 9709 کا پرچہ دو بجے شروع ہونا تھا تاہم یہ پرچہ حل ہو کر سوشل میڈیا پر موجود تھا، جب ہم یہ پرچہ دینے گئے تو ہو بہو یہ وہی پرچہ تھا جسے دیکھ ہم حیران ہو گئے۔

آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک ہونے کی تصدیق کہ اور بتایا کہ ہم کیمبرج کے آفیشل موقف کا انتظار کر رہے ہیں تاہم ابتدائی طور پر کیمبرج نے بھی پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ کیمبرج کے پرچے مسلسل لیک ہو رہے ہیں تاحال کیمبرج ان کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔ یاد رہے کہ کیمبرج نے جو پہلے بیان دیا تھا اس میں کہا تھا کہ اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ 9709/12، لیک ہوگیا تھا یہ پرچہ 29 اپریل 2026 کو ایڈمنسٹریٹو زونز 3 اور 4 میں لیا گیا تھا، امتحان سے قبل غیر مجاز طور پر تقسیم کیا گیا۔

تفصیلی تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ پرچے کے افشا کی نوعیت ایسی ہے کہ اسے حتمی نتائج کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ پرچہ اب طلبہ کے گریڈز کے تعین کے لئے استعمال نہیں ہوگا اور اس کی بجائے متاثرہ امیدواروں سے نیا امتحان لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:سینئر بلوچ سیاسی رہنمائوں کی وزیر اعظم سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

کیمبرج نے اعلان کیا تھا ریاضی 9709/12 کا متبادل امتحان 9 جون 2026 کو جون سیریز کے شیڈول کے تحت لیا جائے گا۔