راولپنڈی(Rawalpindi) میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی نگرانی اور کارروائی کے لیے ڈیجیٹل ٹریفک چالان ’’ون ایپ‘‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں پہلی مرتبہ شواہد پر مبنی ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت تمام چالان ویڈیو ثبوت کے ساتھ کیے جائیں گے تاکہ کارروائی میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ اور قابلِ تصدیق ہوگی، جبکہ موقع پر ہی شہریوں کے شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور ایف آئی آر سے متعلق معلومات کی تصدیق بھی ممکن ہوگی۔ اسی طرح گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی فوری جانچ بھی کی جا سکے گی۔
مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی کے اہم رہنما حافظ عدنان خان انتقال کر گئے
نئے نظام کے تحت صرف ٹریفک قوانین ہی نہیں بلکہ تجاوزات اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر بھی ڈیجیٹل کارروائی کی جائے گی۔ ایک مربوط نظام کے ذریعے ای چالان، ایف آئی آر کی صورتحال اور مجرمانہ ریکارڈ تک رسائی بھی حاصل ہو سکے گی۔
شہریوں کو ٹریفک خلاف ورزیوں کی مکمل تفصیلات کیو آر کوڈ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، جس سے معلومات تک فوری اور آسان رسائی ممکن ہوگی۔
چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر کارروائی سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ بلا امتیاز قانون نافذ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ون ایپ‘‘ کے نفاذ سے ٹریفک نظم و ضبط بہتر ہوگا اور سڑکوں پر محفوظ سفر کو فروغ ملے گا۔













بدھ 13 مئی 2026 
