کراچی کی مقامی عدالت نے مبینہ منشیات فروش انمول(Anmol) عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ پولیس ٹیم عدالتی فیصلے کے بعد ملزمہ کو جیل سے تحویل میں لینے کے لیے روانہ ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق آج کیس کی دوبارہ سماعت کے دوران تفتیشی حکام نے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر عدالت نے دلائل سننے کے بعد انمول عرف پنکی کو تین روز کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ یہ ریمانڈ ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا کی درخواست پر منظور کیا گیا۔
مزیدپڑھیں:جعلساز پی ٹی اے کے نام پر فراڈ کرنے لگے، ہدایت نامہ جاری
قبل ازیں ماتحت عدالت نے ملزمہ کو پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا، تاہم بعد ازاں تفتیشی حکام نے دوبارہ ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
پس منظر
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں کارروائی کے دوران ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی کوکین اور دیگر نشہ آور مواد برآمد ہوا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ متعدد مقدمات میں مطلوب تھی اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں کیسز درج ہیں۔
نیا تنازع
گرفتاری کے بعد اس کیس نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جب ایف آئی آر میں درج مبینہ غلط پتے کے حوالے سے ایک خاندان سامنے آ گیا۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ آٹھ برس سے اسی فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں اور ان کا اس کیس یا ملزمہ سے کوئی تعلق نہیں۔
پولیس حکام کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ریمانڈ کے دوران اہم شواہد اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔













بدھ 13 مئی 2026 
