چیئرمین پاک چین انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) سینیٹر مشاہد حسین سید نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کے اہم نکات بتادیے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں مشاہد حسین سید نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا چین میں دوستانہ استقبال کیا جارہا ہے، امریکی صدر کی دورے میں 4 تفصیلی ملاقاتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین اور امریکی صدر کی ملاقات بڑی اہمیت کی حامل ہے، امریکا ٹیرف کا معاملہ ملاقات میں رکھ سکتا ہے۔
چیئرمین پی سی آئی نے مزید کہا کہ چین کی بنیادی سوچ اقتصادی ہے، بیجنگ کے پاس بھی بڑے کارڈز ہیں، وہ چاہتا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ایران جنگ سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، چین اور پاکستان یہی بات کر رہے ہیں، سیز فائر نہیں جنگ ختم ہو۔
مشاہد حسین سید نے یہ بھی کہا کہ امید ہے ایران امریکا جنگ سے متعلق دورہ چین کے بعد مثبت پیشرفت ہوگی، امریکا جنگوں میں پھنسا ہوا ہے، امریکا کے اقتصادی حالات ٹھیک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور چین دونوں کے مشترکہ مفادات زیادہ ہیں، دورہ چین اہم ہے، 36 گھنٹوں میں امریکا اور چین کے صدر کی 4 ملاقاتیں اہمیت کی حامل ہیں۔
چیئرمین پی سی آئی نے کہا کہ چین اور امریکا کے صدر کی ملاقات میں ٹھوس اور پختہ فیصلے کیے جائیں گے، اسلام آباد کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت جاری ہے، دونوں صدور کی ملاقاتوں میں پاکستان کا ذکر بھی کیا جائے گا۔













بدھ 13 مئی 2026 
