معروف اداکارہ اور میزبان فضا علی نے رئیلٹی ڈیٹنگ شو ’لازوال عشق‘ کے بولڈ فارمیٹ پر سخت تنقید کی ہے۔
پاکستان کا پہلا رئیلٹی ڈیٹنگ شو ’لازوال عشق‘ یوٹیوب پر نشر کیا جا رہا ہے جس نے اپنی بولڈ اور غیر روایتی پیشکش کی وجہ سے شدید عوامی ردعمل کو جنم دیا ہے۔
یہ شو معروف اداکارہ عائشہ عمر ہوسٹ کر رہی ہیں جبکہ شو کی ریکارڈنگ ترکیہ کے ایک ولا میں کی گئی ہے، پروگرام میں چار لڑکے اور چار لڑکیاں ایک ہی چھت کے نیچے ’اپنا ہمیشہ کا پیار‘ تلاش کرنے کے مشن میں شریک ہیں۔
عوام کے ساتھ ساتھ متعدد شوبز شخصیات نے بھی اس پروگرام کے فارمیٹ پر اعتراض اٹھایا ہے، انہی میں سے ایک معروف اداکارہ اور میزبان فضا علی بھی ہیں جنہوں نے کھل کر شو کے مواد کو غیر اخلاقی قرار دیا۔
فضا علی نے گفتگو کے دوران کہا کہ اب یہ سب کچھ ایک مہذب انداز میں دکھایا جا رہا ہے کہ جیسے ڈیٹنگ اور فحاشی کو فروغ دینا کوئی عام بات ہو، یہ شو معاشرتی اقدار اور عزت کے تصورات کو نقصان پہنچا رہا ہے، اب ڈیجیٹل میڈیا پر ایسے شوز کے ذریعے لوگوں کو سکھایا جا رہا ہے کہ کیسے ڈیٹ کریں اور فحاشی کو عام کریں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ ان چیزوں کو دیکھ رہے ہیں، سیکھ رہے ہیں اور ان کی نقالی کر رہے ہیں، ہم اپنی بیٹیوں کو یہ اجازت دے رہے ہیں کہ وہ دوسروں کو سکھائیں کہ کیسے ڈیٹ کرنا ہے، کیا یہ درست ہے؟ کیا انہیں اس سے عزت مل رہی ہے؟
فضا علی کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر عوام کی ایک بڑی تعداد نے سراہا ہے اور ان کے مؤقف سے اتفاق کیا ہے کہ ایسے شوز پاکستانی معاشرے کی اقدار کے منافی ہیں۔