آئی سی سی اجلاس احمد آباد میں، پاکستان کی نمائندگی کے لیے محسن نقوی کودعوت نامہ موصول

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کی آئندہ بورڈ میٹنگ اور بھارت میں ہونے والے آئی پی ایل فائنل میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے، جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں اس دورے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق آئی سی سی کے اہم اجلاس رواں ماہ دو مراحل میں منعقد ہوں گے۔ پہلا مرحلہ چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 21 مئی کو آن لائن ہوگا، جبکہ بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو بھارتی شہر احمد آباد میں منعقد کی جائے گی۔ اس میٹنگ میں عالمی کرکٹ سے متعلق اہم فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ فارمیٹ میں ممکنہ تبدیلیوں پر بھی بحث متوقع ہے۔ اس وقت کے نظام کے مطابق ہر سیریز میں کم از کم دو ٹیسٹ میچز کھیلنا لازمی ہے، تاہم کچھ رکن ممالک اس ڈھانچے میں تبدیلی کی تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:سلہٹ ٹیسٹ: بنگلا دیش کے 4 کھلاڑی 106 رنز پر آؤٹ

مزید یہ کہ اجلاس میں زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئے گی، جس سے اس عالمی ٹورنامنٹ کے دائرہ کار میں توسیع ہو سکتی ہے اور کمزور ٹیموں کو بھی زیادہ مواقع ملنے کی توقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی اس اجلاس میں چیئرمین محسن نقوی کریں گے، تاہم ان کی بھارت روانگی سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ اس فیصلے کو سیاسی اور سفارتی تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی حساسیت کے باعث ایسے دورے ہمیشہ توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔