دنیا بھر میں ثمر جعفری کے چرچے، نوجوان گلوکار نے بین الاقوامی اعزازاپنے نام کرلیا

Calender Icon اتوار 12 اکتوبر 2025

نوجوان گلوکار اور اداکار ثمر جعفری نے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی کی جانب سے “ریڈار پاکستان آرٹسٹ 2025 (چوتھی سہ ماہی)” کے طور پر نامزدگی حاصل کر لی ہے۔

یہ اعزاز نوجوان نسل میں ان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور ان کے گانوں کی مقبولیت کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ہے۔

اسپاٹیفائی کے مطابق ثمر جعفری کی موسیقی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کئی ممالک میں مقبول ہو رہی ہے، جن میں بنگلادیش، امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ یہ اعزاز ان کے میوزک کیریئر میں ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔


رواں سال کے آغاز میں ریلیز ہونے والے ان کے گانے “رہوں” اور “گزارشیں” نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ دونوں گانوں نے مجموعی طور پر 23.3 ملین اسٹریمز کا ریکارڈ عبور کیا، جن میں سے صرف “رہوں” کے اسٹریمز 14 ملین سے زائد ہیں۔

اسپاٹیفائی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ثمر کو اپنے کیرئیر کی اسکول سے شروعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس میں ان کے اسکول کے زمانے کی جھلکیاں بھی شامل ہیں۔