گورنر خیبرپختونخوا کی استعفیٰ واپس بھیجنے کی قانونی حیثیت نہیں ہے: جنید اکبر

Calender Icon پیر 13 اکتوبر 2025

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کی استعفیٰ واپس بھیجنے کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب ہوگا۔

جنید اکبر کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم تیار ہے، اس کے ساتھ مشاورت بھی ہو گئی، ہم آئینی راستہ اختیار کر رہے ہیں، آج ووٹنگ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے استعفیٰ دیا ہے، اپوزیشن کو اگر کوئی اعتراض ہو تو وہ عدالت آسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کا استعفیٰ اعتراض لگا کر واپس کردیا ہے۔

گورنر فیصل کنڈی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے نام سے دو متضاد استعفے موصول ہوئے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی کی جانب سے لکھے گئے خط میں علی امین کے دونوں استعفوں پر دستخط کو مختلف اور غیرمشابہ قرار دیا گیا ہے۔