کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ نے بھارتی سیاست میں ہلچل مچا دی ’’

Calender Icon ہفتہ 23 مئی 2026

بھارت میں سوشل میڈیا سے ابھرنے والی “کاکروچ جنتا پارٹی” (CJP) نے بھارتی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ابتدا میں یہ محض ایک طنزیہ اصطلاح سمجھی جا رہی تھی، مگر اب یہ نوجوانوں کی ایک ایسی ڈیجیٹل مزاحمتی تحریک بنتی دکھائی دے رہی ہے جو حکمراں جماعت بی جے پی اور اس کے بیانیے کو کھلے عام چیلنج کر رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس لفظ “کاکروچ” کو تضحیک کے لیے استعمال کیا گیا، بھارتی نوجوانوں نے اسی کو اپنی شناخت اور احتجاج کی علامت بنا لیا۔

یہ تحریک خاص طور پر Gen Z میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، جہاں نوجوان روایتی سیاسی انداز سے ہٹ کر میمز، ویڈیوز، طنزیہ مواد اور سوشل میڈیا مہمات کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کر رہے ہیں۔ سی جے پی کے حامیوں نے بھارتی وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ تعلیمی اور سماجی نظام نوجوانوں کی توقعات پوری کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، جبکہ بے روزگاری، اظہارِ رائے پر قدغن اور سیاسی تقسیم جیسے مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں؛مارکو روبیو کا دورۂ بھارت، مودی کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت، خطے کی سیاست اور توانائی بحران پر اہم گفتگو متوقع

ادھر مودی حکومت کے حامی میڈیا حلقوں نے اس تحریک پر “پاکستانی حمایت” کا الزام عائد کیا، تاہم سی جے پی سے وابستہ نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر شواہد اور وضاحتیں جاری کرتے ہوئے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مکمل طور پر بھارتی نوجوانوں کی اپنی تحریک ہے، جس کا مقصد سیاسی جماعتوں کے روایتی بیانیے کے مقابلے میں نوجوان نسل کی آواز کو سامنے لانا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق “کاکروچ جنتا پارٹی” دراصل نئی نسل کی اس بے چینی کی عکاس ہے جو روایتی سیاست، ٹی وی مباحث اور جماعتی نعروں سے ہٹ کر اپنی الگ شناخت اور اظہار چاہتی ہے۔ پہلی بار بھارت میں ایسا منظر دیکھنے کو ملا ہے کہ نوجوانوں نے ایک توہین آمیز لفظ کو احتجاجی طاقت میں تبدیل کر دیا۔

مزید پڑھیں؛پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں نئی پیش رفت، دوطرفہ تجارت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک وائرل ٹرینڈ یا مذاق نہیں بلکہ اس بات کی علامت ہے کہ آنے والے وقت میں سیاست کا بڑا میدان سوشل میڈیا ہوگا، جہاں نوجوان نہ صرف کنٹینٹ تخلیق کریں گے بلکہ سیاسی بیانیے بھی تشکیل دیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ “کاکروچ جنتا پارٹی” اب محض ایک آن لائن میم نہیں رہی بلکہ بھارتی نوجوانوں کے غصے، طنز اور مزاحمت کی نئی علامت بنتی جا رہی ہے۔