خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا صرف عمران خان کا ہے اور یہاں پر صرف عمران خان کی چلے گی، میرا لیڈر جب آپریشن کے خلاف ہے تو یہاں کوئی آپریشن نہیں کرسکتا۔
صوبے کا 30 واں وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میرے پاس کھونے کے لیے پیسہ ہے نہ کرسی، امپورٹڈ حکومت کو بتایا گیا تھا کہ ایک دفعہ آپ پھر خیبرپختونخوا میں دہشتگردی لا رہے ہیں، تو آپ یہ پختونوں کے سر کا سودا کر رہے ہیں، لوگوں نے جب مزاحمت شروع کی اور جلسے جلوس شروع کیے، تو وہ بھاگ گئے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جب ہم سوال کر رہے تھے اور چیخ رہے تھے کہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ ہم عمران خان سے عشق کرتے ہیں، اس سے پہلے آپ نے لوگ دیکھے ہوں گے، جو سیاست کرتے تھے، ہم عشق کرتے ہیں، آپ نے جس طرح قبائلیوں کو عزت بخشی، اور شعور دیا ہے، میں آپ کو یقین دلواتا ہوں، کہ خیبرپختونخوا صرف عمران خان کا ہے اور یہاں پر صرف عمران خان کی چلے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ میرا لیڈر صرف خیبرپختونخوا اور پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کا مقبول ترین لیڈر ہے، وہ جانتے تھے کہ قبائلی محرومی کا شکار ہیں، آج تمام قبائلی عمران خان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
نئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پرچی سے وزیراعلیٰ نہیں بنا، قبائلی علاقے ترقی میں پیچھے رہ گئے، ان میں احساس محرومی موجود تھا، جو اب ختم ہونے جا رہا ہے، قبائلیوں کا احساس محرومی دور کرنے کے لیے مجھے وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے، میرے نام کے ساتھ زرداری، بھٹو اور شریف نہیں ہے، میرا تعلق قبائلی اضلاع سے ہے، جہاں کے عوام خوشیاں منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم ہے، جس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میرے خاندان کا کوئی فرد سیاست میں نہیں، میرے انتخاب پر قبائلی اضلاع میں خوشیاں منائی جارہی ہیں، اپنی محنت سے اس مقام پر پہنچا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے نام کے ساتھ آفریدی ہونے کی وجہ سے جب وزیراعلیٰ کے لیے میرا نام سامنے آیا تو ایک مائنڈ سیٹ نے مخالفت کی، ان کا مائنڈ سیٹ یہی ہے کہ قبائلی ہمیشہ مرنے کے لیے ہیں، ان کے حقوق اور معدنیات پر یہ قبضہ کرنا چاہتے ہیں، یہی مائنڈ سیٹ 78 سال سے ہم پر حکومت کر رہا ہے۔