یورپ کا مؤقف واضح: روس یوکرین جنگ میں غیرجانبدار ثالثی ممکن نہیں، کاجا کالاس

Calender Icon جمعہ 29 مئی 2026

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس (Kaja Kalas) نے واضح کیا ہے کہ یورپ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں کسی غیرجانبدار ثالث کا کردار ادا نہیں کر سکتا، کیونکہ یورپی یونین کی حمایت واضح طور پر یوکرین کے ساتھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیماسول میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ایک غیر رسمی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کاجا کالاس نے کہا کہ یورپ اپنی بنیادی سلامتی کے مفادات اور خطے کے استحکام کے باعث کیف کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی حمایت جاری رکھے گی اور اس صورتحال میں غیرجانبدار فریق ہونے کا تاثر دینا حقیقت پسندانہ نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیںنیویارک میں اسرائیل ڈے پریڈ: میئر ظہران ممدانی کی عدم شرکت، سکیورٹی ہائی الرٹ

کالاس کے مطابق اگرچہ یورپی یونین یوکرین کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی، تاہم جنگ کے خاتمے کے لیے بالآخر یوکرین اور روس کو براہ راست مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا، کیونکہ بعض معاملات کا فیصلہ صرف دونوں فریق ہی کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر سفارتی کوششیں اور ’’شٹل ڈپلومیسی‘‘ اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، لیکن پائیدار حل کے لیے براہ راست مذاکرات ناگزیر ہیں۔

کالاس نے زور دیا کہ یورپی یونین کا مؤقف واضح ہے کہ وہ یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گی، جبکہ روس پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔