لاہور، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی (mohsin naqvi)نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور عوامی مقامات کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ عید کے دنوں میں عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔محسن نقوی نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے پُرامن، شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں نے جامع منصوبہ بندی کر رکھی ہے جبکہ ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے گلگت بلتستان انتخابات کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کے ناراض اراکان اسمبلی کا اجلاس کل پشاور میں طلب
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جمہوری عمل کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔












اتوار 31 مئی 2026 