سوشل میڈیا پر 15 لاکھ فالوورز رکھنے والا کتا چوری، صرف 27 ڈالر میں بیچ کر کھا لیا گیا

Calender Icon پیر 8 جون 2026

چین(China) میں سوشل میڈیا (Social Media)پر 15 لاکھ فالوورز رکھنے والے مشہور کتے کو مبینہ طور پر چوری کے بعد کاٹ کر کھا لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈیڑھ ملین فالوورز رکھنے والے بارڈر کولی نسل کے کتے “چوٹو” کو مبینہ طور پر چوری کے بعد فروخت کرکے ذبح کردیا گیا۔

چوٹو کے مالک کے مطابق وہ گزشتہ ماہ جارجیا کے سفر پر تھے جبکہ چوٹو ان کے والدین کی دیکھ بھال میں تھا۔ 11 مئی کو اُنہیں اطلاع ملی کہ چوٹو گھر سے غائب ہو گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دو نامعلوم افراد الیکٹرک اسکوٹر پر آ کر کتے کو اغوا کرکے لے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے اپنا سفر ادھورا چھوڑ کر واپسی کی اور کتے کی تلاش شروع کی۔ تقریباً دو ہفتوں بعد انہوں نے مبینہ ملزم تک رسائی حاصل کر لی، جس نے انکشاف کیا کہ اس نے چوٹو کو 180 یوآن (تقریباً 27 ڈالر) میں ایک ڈاگ میٹ ریسٹورنٹ کو فروخت کر دیا تھا جہاں اسے ذبح کر کے کھا لیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:لارڈز ٹیسٹ: 138 سال بعد کھیلے جانے والے مختصر ترین ٹیسٹ میں کئی ریکارڈز قائم

ملزم نے اپنے اقدام کا جواز یہ پیش کیا کہ اس نے کتے کو آوارہ سمجھا تاہم گو نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چوٹو نے کالر اور جی پی ایس ٹریکر پہن رکھا تھا۔ کتے کے مالک کے مطابق جب وہ متعلقہ ریسٹورنٹ پہنچے تو وہاں سے بھی انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کتے کی باقیات تک ضائع کی جا چکی تھیں۔

چوٹو کے مالک اس واقعے پر شدید غمزدہ ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو اور اس جرم میں ملوث افراد کو کبھی معاف نہیں کر سکتے۔ انہوں نے اپنے پالتو جانور کے لیے انصاف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے جبکہ مقامی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔