افغان سرحد پر آپریشن، فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک، 4 اہم مراکز تباہ

Calender Icon بدھ 10 جون 2026

بدنام زمانہ دہشت گرد کمانڈر علیم خان اور کمانڈر اختر جانی خیل کے تربیتی مراکز(training Centers) اور بھاری اسلحے کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا

پاکستان نے سرحد پار دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 26 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 4 اہم مراکز تباہ کر دیے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ایکس پر جاری ایک بیان میں بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر ایک مربوط اور منظم آپریشن کرتے ہوئے ‘فتنہ الخوارج’ کے ماسٹر مائنڈز اور منصوبہ سازوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کے زیرِ سرپرستی دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث 26 خارجی ہلاک کر دیے گئے۔

وفاقی وزیر کے مطابق یہ کارروائیاں موسیٰ درہ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کی چوکی، شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ اور بنوں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے ردِعمل کے طور پر کی گئیں۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 4 اہم اہداف، جن میں بدنام زمانہ دہشت گرد کمانڈر علیم خان اور کمانڈر اختر جانی خیل کے ٹریننگ سینٹرز (تربیتی مراکز) اور بھاری اسلحے کے گودام شامل ہیں، کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 903 پوائنٹس کی کمی،169427 پوائنٹس پر بند

عطا تارڑ نے اپنے بیان میں عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا، کیونکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔