ایران کے ساتھ معاہدے پر آج دستخط ہونے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

Calender Icon اتوار 14 جون 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(Donald Trump) نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر آج دستخط ہونے ہیں، جس کے بعد آبنائے ہرمز سب کے لیے کھُل جائے گی۔

ایرانی فوج نے امریکی صدر کا دعویٰ مسترد کر دیا، ایرانی پاسداران انقلاب فورس کا کہنا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار اتوار کو کسی معاہدے پر دستخظ نہ کرنے کا بتا چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز سب کے لیے کھُل جائے گی، جب سکون ہوجائے گا تو مناسب وقت پر جا کر جوہری مواد کی باقیات حاصل کرلیں گے۔


ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امید ہے یہ سارا عمل جلد اور آسانی سے مکمل ہو جائے گا، اگر ایسا نہ ہوا تو ہمارے پاس آخری اور فیصلہ کن متبادل موجود ہے، ہم ایران اور پورے مشرق وسطیٰ کے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کے منتظر ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کُھلے گی تو بارودی سرنگیں صاف کریں گے، ہرمز سے بارودی سرنگوں کی صفائی میں جی سیون ممالک بھی حصہ لے سکتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:بنوں میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ، 4 افراد قتل

دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے معاہدے پر دستخط سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دے دیا۔

ایک بیان میں ایرانی فوج نے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار اتوار کو کسی بھی معاہدے پر دستخط نہ کرنے سے متعلق بتاچکے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ اگلے ہفتے جی سیون اجلاس کی سائیڈ لائنز پر آبنائے ہُرمُز کی بارودی سرنگوں کی صفائی کے موضوع پر مصر، قطر، متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں سے بات کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹے میں ایران امریکا ڈیل پر الیکٹرانک دستخط ہونے کا امکان ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کا بیان شیئر بھی کیا تھا۔