جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ پروپیگنڈہ مہم،صدیق انجم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج

Calender Icon بدھ 15 اکتوبر 2025

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ پروپیگنڈہ مہم کے کیس میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا صدیق انجم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے کے مطابق صدیق انجم نے 2 نومبر 2024 کو ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی، جس میں ٹرائل کورٹ کو کیس کا فیصلہ کرنے سے روکا گیا تھا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر 2025 کو صدیق انجم کی رٹ پٹیشن خارج کر دی، جس کے بعد 3 اکتوبر 2025 کو ضمانت کی درخواست دوبارہ بحال کی گئی۔

عدالت کے مطابق ملزم کو اس کے واٹس ایپ نمبر پر تین مرتبہ طلبی کے نوٹس بھیجے گئے، تاہم وہ پیش نہیں ہوا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ صدیق انجم نے جان بوجھ کر عدالت میں پیش ہونے سے گریز کیا۔

عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر صدیق انجم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔