اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی (RSF) کے تحت ایک ارب امریکی ڈالر کے اسٹاف لیول معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری کا ثبوت ہے اور عالمی مالیاتی فنڈ کا اعتماد ملکی معیشت کے استحکام کی علامت ہے۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی معیشت کی بڑھتی رفتار اور ادارہ جاتی اصلاحات پر اطمینان حکومت کی درست سمت کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ، وزیر مملکت برائے خزانہ، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور ان کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور مستقل مزاجی کے نتیجے میں یہ معاہدہ ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور حکومت عوامی خوشحالی، پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔