رونالڈو ورلڈ کپ کوالیفائرز میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے

Calender Icon جمعرات 16 اکتوبر 2025

پرتگال کے مایہ ناز فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی۔ 40 سالہ اسٹار کھلاڑی نے ہنگری کے خلاف دو گول کر کے فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔

پرتگال اور ہنگری کے درمیان 2-2 کے میچ سے قبل رونالڈو گوئٹے مالا کے کارلوس رُوئز کے ساتھ 39 گول کے ریکارڈ پر برابر تھے، مگر اب رونالڈو نے یہ اعزاز 41 گول کے ساتھ اپنے نام کر لیا ہے۔

رونالڈو نے میچ کے 22ویں منٹ میں نلسن سیمیڈو کے شاندار کراس پر قریب سے گیند کو گول میں ڈال کر ریکارڈ توڑا، جبکہ وقفے سے قبل انہوں نے نونو مینڈس کے کراس پر دوسرا گول کر کے اپنی برتری مزید مستحکم کر لی۔

سوشل میڈیا پر رونالڈو نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی میرے لیے ہمیشہ فخر کی بات رہی ہے، اس سنگِ میل تک پہنچنا ایک اعزاز ہے، ان سب کا شکریہ جنہوں نے میرا ساتھ دیا، نومبر میں ورلڈ کپ کوالیفکیشن یقینی بنائیں گے۔

رونالڈو کے ان دو گولز کے باوجود پرتگال میچ جیتنے میں ناکام رہا، کیونکہ ہنگری کے مڈفیلڈر ڈومینک سوبوسلائی نے 91ویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

اس کے باوجود پرتگال ابھی بھی یورپی گروپ ایف میں 5 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ سرفہرست ہے اور آئرلینڈ کے خلاف 13 نومبر کو ہونے والے میچ میں اپنی ورلڈ کپ 2026 کی کوالیفکیشن یقینی بنا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یورپ سے انگلینڈ، افریقہ سے آئیوری کوسٹ، سینیگال، جنوبی افریقہ جبکہ ایشیا سے سعودی عرب اور قطر نے آئندہ سال کے ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

یہ ٹورنامنٹ 11 جون 2026 کو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں شروع ہوگا اور اب تک 48 میں سے 28 ٹیمیں کوالیفائی کر چکی ہیں۔