طلبا کو 2100 روپے ماہانہ قسط پر ای بائیکس(ebikes) دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ہر ای بائیک پر حکومت کی طرف سے 70,000 روپے کی خطیر سبسڈی دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے نوجوان طلبہ اور بالخصوص طالبات کے لیے مریم نواز ای بائیک اسکیم کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایک سال میں 1 لاکھ ای بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس انقلابی منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے طلبہ صرف 2,100 روپے کی بلاسود (سود سے پاک) ماہانہ قسط پر جدید الیکٹرک بائیکس حاصل کر سکیں گے۔
ہر ای بائیک پر حکومت کی طرف سے 70,000 روپے کی خطیر سبسڈی دی جائے گی، تاکہ بائیک کی اصل قیمت نمایاں طور پر کم ہو سکے۔
طلبہ کو بائیک کے حصول کے لیے صرف 14,000 روپے ڈاؤن پیمنٹ (ابتدائی رقم) ادا کرنی ہوگی، جس کے بعد وہ 2,100 روپے کی آسان ماہانہ اقساط دیں گے۔
مزیدپڑھیں:چور نے شناخت چھپانے کیلیے مودی کی تصویر والا ماسک پہن لیا، ویڈیو وائرل
وزیر اعلیٰ نے پنجاب کی بیٹیوں کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے اہل طالبات کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس پنجاب حکومت خود ادا کرے گی، طالبات کو بائیک لیتے وقت کوئی یکمشت رقم نہیں دینی ہوگی، انہیں صرف 2,100 روپے کی ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی۔
مزید برآں، اس اسکیم کا دائرہ کار پنجاب کے سرکاری ملازمین تک بھی بڑھا دیا گیا ہے، جو آسان اقساط پر یہ بائیکس حاصل کر سکیں گے۔
اسکیم کے لیے اہلیت کا معیار
ای بائیک حاصل کرنے کے لیے امیدواروں کا درج ذیل شرائط پر پورا اترنا لازمی ہے۔
عمر کی حد: درخواست گزار کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے۔
تعلیمی شرط: امیدوار پنجاب کے کسی بھی ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں بطور ریگولر طالب علم رجسٹرڈ ہو۔
لائسنس: امیدوار کے پاس موٹرسائیکل کا کارآمد لرنر پرمٹ یا باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہے۔
اگر موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد مقررہ کوٹے سے زیادہ ہوئی، تو کامیاب امیدواروں کا انتخاب انتہائی شفاف الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومت نے منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں عوام کے لیے 10,000 الیکٹرک بائیکس کرائے پر فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
شہریوں کی سہولت کے لیے لاہور شہر کے مختلف مقامات پر 300 ہائی ٹیک ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جہاں بائیکس کو آسانی سے چارج کیا جا سکے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف مہنگے پٹرول پر انحصار کم ہوگا بلکہ عوام کو سستا اور ماحول دوست سفری متبادل بھی میسر آئے گا۔












بدھ 1 جولائی 2026 