معرکہ حق؛ بھارتی اپوزیشن کا فوج کی ہلاکتیں چھپانے پر راج ناتھ سنگھ سے استعفے کا مطالبہ

Calender Icon جمعرات 2 جولائی 2026

کانگریس اراکین نے مطالبہ کیا کہ نریندرمودی کی حکومت اور اس کے وزرا راج ناتھ سنگھ (RAJ NATH)کی حمایت پر معافی مانگیں، رپورٹ

بھارت کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے پاکستان سے مئی 2025 میں ہونے والی جنگ کے دوران اپنی فوج کی ہلاکتیں چھپانے پر وزیردفاع راج ناتھ سنگھ سے استعفے کا مطالبہ کردیا اور پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کانگریس کے ایکس سروس مین ڈپارٹنمنٹ کے چیئرپرسن کرنل (ر) روہت چوہدری اور ونگ کمانڈر (ر) انوما اچاریہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کو 6 فوجیوں کی ہلاکت چھپانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

پریس کانفرنس کے دوران روہت چوہدری نے مطالبہ کیا کہ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کو ان کے منصب سے الگ کردیا جائے اور مودی سمیت ان کی پارٹی کے اراکین اسمبلی وزیردفاع کی حمایت کرنے پر معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام عائد کیا کہ وہ سپاہیوں کو اپنے پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور مسلح افوان کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب راج ناتھ سنگھ پارلیمنٹ میں جھوٹ بول رہے تھے کہ کسی فوجی کی ہلاکت نہیں ہوئی تو بی جے پی کے اراکین اسمبلی تالیاں بجا رہے تھے۔

بھارتی اپوزیشن کانگریس کے اراکین نے کہا کہ مودی حکومت کی بنیاد جھوٹ پر بنی ہے، ان کے پاس حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے اور جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے نام جاری کرنے میں 13 ماہ کیوں لگے۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے ایک سال گزرنے کے بعد پہلی دفعہ 26 جون کو تسلیم کیا تھا کہ آپریشن سندور میں بھارتی فوج کے 6 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور نیشنل وار میموریل ویب سائٹ پر فوجیوں کے نام بھی سامل کرلیے تھے۔

بھارتی میڈیا کی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ کے رکن کے سی وینوگوپال نے 6 فوجی جوانوں کی ہلاکت کے حوالے سے لوک سبھا کو مبینہ طور پر گمراہ کرنے پر راج ناتھ سنگھ کے خلاف کارروائی کے لیے تحریک استحقاق پیش کردیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر کوئی بھارتی رکن پارلیمنٹ یہ الزام عائد کرے کہ کسی دوسرے رکن یا وزیر نے پارلیمانی استحقاق کی خلاف ورزی کی ہے تو وہ اس کے خلاف استحقاق کی تحریک پیش کرنے کی درخواست کر سکتا ہے۔

وینوگوپال نے کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ کو مکمل طور پر گمراہ کیا ہے اسی لیے میں نے راج ناتھ سنگھ کے خلاف ایوان کے اسپیکر کے سامنے تحریک استحقاق پیش کی ہے۔

سوشل میڈیا پر بیان میں بھی وینوگوپال نے بتایا کہ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو لکھا ہے کہ یہ مسلمہ پارلیمانی روایت ہے کہ اگر کوئی وزیر ایوان کو گمراہ کرے یا معلومات چھپائے تو اس سے پارلیمان کے استحقاق کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکومت نے اپوزیشن کے مؤقف کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ قوم نے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور وزارت دفاع نے بھی ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

مزید پڑھیں:امریکی بحریہ کا سی ہاک ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں گر کر تباہ، اہلکار لاپتہ

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مئی 2025 میں پاکستان کے ساتھ جنگ میں کسی فوجی کی ہلاکت سے انکار کیا تھا جبکہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے مئی 2025 کے اواخر میں اعتراف کیا تھا کہ 4 روزہ فوجی کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔