نج کاری کمیشن بورڈ نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹrt) (Islamabad Air Poکے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر مقرر کر دیا اور اس حوالے سے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ پر دستخط کی منظوری دے دی گئی ہے۔
نج کاری کمیشن بورڈ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے نج کاری اور نج کاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی سی بورڈ نے ایڈوائزری معاہدے کی شرائط کا جائزہ لیا اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی منظوری دی۔
نج کاری کمیشن بورڈ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک اپنی مہارت اور تجربے کی بدولت مسابقت اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اس اہم نج کاری کو تیزی سے مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے طویل المدتی رعایتی فریم ورک کے تحت نجی شعبے کے قابل آپریٹر کو آؤٹ سورس کیا جائے گا اور اس عمل سے یہ توقع ہے کہ ہوائی اڈے کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ مسافروں کا ہوائی اڈے پر تجربہ بہتر ہو گا اور ہوائی اڈے کی سہولیات کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے گا۔
علاوہ ازیں نج کاری کمیشن بورڈ نے بورڈ کی آڈٹ کمیٹی کی سفارش پر 2025-26 تا 2027-28 تین سالہ مدت کے آڈٹ کے لیے بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی بطور بیرونی آڈیٹرز تقرری کی منظوری بھی دے دی ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹرول و ڈیزل سمیت مختلف اشیاء کی قیمتوں میں رواں ہفتے مزید کمی
پی سی بورڈ نے حکومت کے نج کاری پروگرام میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کو قائم رکھنے کے لیے شفافیت اور کارکردگی پر مبنی اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔












جمعہ 10 جولائی 2026 