لنڈی کوتل: درخت کاٹنے کے تنازع پر دو گروپوں میں خونریز تصادم، 4 افراد جاں بحق اور 9 زخمی

Calender Icon ہفتہ 11 جولائی 2026

ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل(Landi Kotal) کے علاقے نیکی خیل میں زمین اور متنازع اراضی پر درخت کاٹنے کے تنازع نے خونریز تصادم کی شکل اختیار کر لی، جہاں دو فریقوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نیکی خیل میں زمین کے تنازع پر دونوں فریقوں کے درمیان کافی عرصے سے کشیدگی چلی آ رہی تھی، ہفتہ کے روز ایک فریق متنازع زمین پر موجود درخت کاٹ رہا تھا کہ دوسرے فریق نے اس پر اعتراض کیا، جس کے بعد دونوں جانب تلخ کلامی ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ مسلح تصادم میں تبدیل ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔

ریسکیو اور مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال لنڈی کوتل منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث مزید علاج کے لیے پشاور کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

مزیدپڑھیں:سمندری طوفان باوی سے کئی ممالک کو خطرہ، فلپائن میں 15 افراد ہلاک

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے جبکہ مزید کشیدگی کے پیش نظر اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق نیکی خیل میں زمین کے تنازع پر دونوں فریقوں کے درمیان پہلے بھی کئی بار کشیدگی پیدا ہو چکی ہے تاہم اس مرتبہ درخت کاٹنے کے معاملے نے تنازع کو سنگین تصادم میں تبدیل کردیا۔