پاکستان کی نئی نجی ایئرلائن “ساؤتھ ایئر”(Southair) کا باقاعدہ آغاز، 16 جولائی سے کراچی، بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان پہلی تجارتی پرواز شروع ہوگی
پاکستان کی نئی نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر (South Air) نے اپنی باقاعدہ تجارتی پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ ایئرلائن کی پہلی کمرشل پرواز 16 جولائی 2026 کو کراچی، بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان آپریٹ کی جائے گی، جس کے ساتھ ہی ملک کی نئی ڈومیسٹک ایئرلائن باقاعدہ طور پر اپنی فضائی خدمات کا آغاز کر دے گی۔
ایئرلائن کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق 10 جولائی سے مسافروں کے لیے بکنگ بھی کھول دی گئی ہے، جس کے بعد شہری افتتاحی پرواز سمیت آئندہ سفر کے لیے اپنی نشستیں محفوظ کرا سکتے ہیں۔
ساؤتھ ایئر کے مطابق پہلی تجارتی پرواز اے ٹی آر 72 (ATR 72) طیارے کے ذریعے چلائی جائے گی، جو مختصر فاصلے کی اندرونِ ملک پروازوں کے لیے موزوں ٹربو پروپ طیارہ سمجھا جاتا ہے۔
علاقائی فضائی رابطوں کے فروغ پر توجہ
ساؤتھ ایئر نے خود کو ایک علاقائی فضائی کمپنی کے طور پر متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے مختلف شہروں کے درمیان فضائی رابطوں کو بہتر بنانا، خصوصاً ایسے علاقوں تک رسائی بڑھانا ہے جہاں فضائی سہولیات محدود ہیں۔
مزیدپڑھیں:بچوں کی فیس! 2 لاکھ ماہانہ آمدن والے والدین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
ایئرلائن کی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی نے موجودہ اور مستقبل کے متعدد اندرونِ ملک روٹس کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ مختلف شہروں کے درمیان سفر کو آسان اور تیز بنایا جا سکے۔
تجارتی پرواز سے قبل کامیاب آزمائشی آپریشن
یہ ساؤتھ ایئر کی پہلی تجارتی پرواز ضرور ہوگی، تاہم یہ کمپنی کا پہلا فضائی آپریشن نہیں ہے۔
اس سے قبل ایئرلائن نے مئی 2026 میں کراچی سے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (New Gwadar International Airport) تک کامیاب آزمائشی پرواز انجام دی تھی۔ زیڈ 8-905 (Z8-905) نمبر کی اس پرواز نے کراچی سے روانگی کے بعد گوادر پہنچ کر ریگولیٹری تقاضوں کو کامیابی سے مکمل کیا تھا۔
آزمائشی پرواز اور دیگر تکنیکی و حفاظتی جانچ کے بعد ایئرلائن کو ملکی فضائی آپریشن شروع کرنے کے لیے متعلقہ ہوا بازی حکام سے باقاعدہ لائسنس بھی جاری کر دیا گیا۔
اے ٹی آر 72 طیاروں سے آپریشن
ساؤتھ ایئر ابتدائی مرحلے میں اے ٹی آر 72 طیاروں کے ذریعے اپنی خدمات فراہم کرے گی۔ یہ طیارے کم فاصلے کی پروازوں، نسبتاً چھوٹے ایئرپورٹس اور مختصر رن ویز پر مؤثر آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں علاقائی فضائی نیٹ ورک کے لیے موزوں تصور کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق نئی ایئرلائن کی آمد سے پاکستان کے اندر نجی فضائی شعبے میں مسابقت بڑھے گی، جبکہ مسافروں کو علاقائی روٹس پر مزید سفری سہولتیں اور متبادل آپشنز بھی میسر آئیں گے۔












ہفتہ 11 جولائی 2026 