دعا لیپا کی ٹرمپ خاندان سے منسلک لگژری ریزورٹ پلان کیخلاف مظاہروں کی حمایت

Calender Icon جمعرات 16 جولائی 2026

برطانوی گلوکارہ دعا لیپا (Dua Lipa)نے البانیہ میں ٹرمپ خاندان کے حمایت یافتہ لگژری ریزورٹ پراجیکٹ کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی حمایت کر دی۔

دعا لیپا نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے البانیہ میں ٹرمپ خاندان کے حمایت یافتہ لگژری ریزورٹ پراجیکٹ کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ تشویش اس بات پر ہے کہ حکومت عوامی مشاورت کے بغیر ماحولیاتی تحفظ سے متعلق قوانین کو کیسے تبدیل کر سکتی ہے۔

برطانوی گلوکارہ نے کہا ہے کہ مجھے البانیہ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے بہت متاثر کن لگے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ مسئلہ اسٹرکچرل ہے اور اسے عوامی مشاورت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدپڑھیں:سوناکشی اور ظہیر کے رشتے سے متعلق سلمان خان کی حیران کن پیشگوئی

واضح رہے کہ البانیہ کی پارلیمنٹ نے دسمبر 2024ء میں ماحولیاتی تحفظ کے قوانین میں ترامیم کر کے اس پراجیکٹ کے لیے راستہ ہموار کیا تھا جس کے تحت اب البانیہ کے جزیرے سازان اور زوورنک میں تقریباً 10 ہزار لگژری ولاز تعمیر کیے جائیں گے۔

البانیہ میں اس پراجیکٹ کے خلاف مظاہرے رواں سال مئی کے آخر میں اس وقت شروع ہوئے جب اس پر عمل درآمد کے لیے ساحلوں پر خاردار تاروں کی باڑ لگائی گئی اور وہاں بلڈوزر نمودار ہوئے۔

احتجاجی مظاہرے اس لیے ہو رہے ہیں کیونکہ اس پراجیکٹ سے سمندر کے نایاب پرندوں کی انواع اور دیگر جنگلی حیات کے لیے جزائر پر موجود اہم ماحولیاتی نظام متاثر ہو گا۔

لگژری ریزورٹ پراجیکٹ کے خلاف البانیہ میں جاری ان مظاہروں کو ’فلیمنگو انقلاب‘ کا نام دیا گیا ہے۔