اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویزملک، احسن اقبال اور وفاقی سیکریٹریز بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کو آئل ریفائنریز کی اپگریڈیشن، انرجی سیکٹر میں اصلاحات اور پالیسی پرعملدرآمد کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ پاکستان کے توانائی تحفظ کے جامع نظام کا ایک اہم ستون ہے، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کریں گی ۔
انہو ں نے ہدایت کی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل کو تیز کیا جائے، اوگرا کی کارکردگی بہتر بنانے، مارکیٹ ضروریات پوری کرنے کے لیے اصلاحات لائی جائیں، اصلاحات سے شعبہ توانائی میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملےگا، نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد اس پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روڈ شوز ترمیمی پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کی ترویج کے لیے منعقد کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:سلمان خان کی قانونی فتح، دہلی ہائیکورٹ کا فلم ’کالا ہرن‘ کے ٹیزر ہٹانے کا حکم
وزیراعظم نے ریفائننگ پالیسی میں ترمیم سے متعلق وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کو سراہا اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔













منگل 28 جولائی 2026 

