وکٹ کا جارحانہ جشن، محمد عباس اور خرم شہزاد کو ریفری نے سزائیں دیدیں

Calender Icon جمعرات 30 جولائی 2026

پاکستان کے فاسٹ بولرز محمد عباس اور خرم شہزاد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران جارحانہ انداز میں وکٹ کا جشن منانا مہنگا پڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے محمد عباس اور خرم شہزاد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینیڈاڈ کے شہر ٹاروبا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران جارحانہ انداز میں وکٹ کا جشن منانے پر ایک، ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کی جو کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسے الفاظ، حرکات یا اشاروں سے متعلق ہے جو اشتعال انگیز یا غیر مناسب سمجھے جائیں۔خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا جبکہ محمد عباس کو باضابطہ وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزاؤں کو قبول کرلیا جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔واضح رہے کہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ دونوں کھلاڑیوں کی پہلی خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں:دہشتگرانہ ویڈیوز معاملہ،آسٹریلیا میں ٹیلی گرام پلیٹ فارم پر مقدمہ دائر

آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ میں چار یا اس سے زیادہ ڈیمیرٹ پوائنٹس حاصل کر لیتا ہے تو انہیں معطلی کے پوائنٹس میں تبدیل کر دیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں پابندی بھی لگ سکتی ہے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔