ای چالان کے نام پر سائبر فراڈ، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خبردار کردیا

Calender Icon ہفتہ 1 اگست 2026

اسلام آباد ٹریفک پولیس(Islamabad Traffic Police) نے شہریوں کو جعلی ای چالان کے نام پر بھیجے جانے والے فراڈ پیغامات سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹریفک پولیس نے اپنے ایک اعلامیے میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایسے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغامات میں موجود کسی بھی لنک پر ہرگز کلک نہ کیا جائے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق سائبر فراڈ میں ملوث عناصر شہریوں کو جعلی ای چالان کے پیغامات بھیج کر انہیں مشکوک ویب سائٹس پر لے جانے یا ذاتی و مالی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

’شہری ایسے کسی بھی پیغام پر اعتماد نہ کریں اور نہ ہی اس میں موجود لنکس استعمال کریں۔‘

پولیس نے ہدایت کی ہے کہ اگر کسی شہری کو مشکوک یا جعلی ای چالان کا پیغام موصول ہو تو وہ فوری طور پر اسلام آباد پولیس یا ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو اس کی اطلاع دے تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

مزیدپڑھیں:فلم کی شوٹنگ کے دوران رشمیکا مندانا شدید زخمی

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے واضح کیا کہ ای چالان کی تصدیق صرف اسلام آباد پولیس کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر کی جائے۔

’شہری کسی بھی غیر مصدقہ ویب سائٹ، مشکوک لنک یا سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والے پیغامات پر انحصار نہ کریں۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی معمولی سی احتیاط انہیں مالی نقصان اور سائبر فراڈ سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

’۔۔۔لہٰذا صرف سرکاری ذرائع سے ہی ای چالان کی معلومات حاصل کریں۔‘