آزاد کشمیر الیکشن، دوسرے مرحلے کی پولنگ مکمل، ووٹوں کی گنتی شروع

Calender Icon اتوار 2 اگست 2026

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 میں سے 8 حلقوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی جبکہ ایک حلقے میں پولنگ ملتوی کر دی گئی۔

مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کے لیے صبح 8 سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا۔

مظفر آباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی تھی، جس کے بعد ووٹرز شام 6 بجےتک ووٹ کاسٹ کرتے رہے۔ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی، جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جب کہ مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں تاہم الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند تھیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا، اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو ہوگی۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں انتخابات ہوئے تھے، دوسرا آج منعقد ہوا جب کہ تیسرا مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں الیکشن شیڈول ہیں۔

الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں اور 12 مہاجرین کی نشستوں پر مجموعی طور پر 300 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ مہاجر نشستوں میں 7 پنجاب جب کہ باقی نشستیں خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تقسیم ہیں۔

مزید پڑھیں:صدر آزاد کشمیر کا الیکشن کمیشن کو خط، فائرنگ و پولنگ میں مداخلت پر تحقیقات کا مطالبہ

انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ ن پر انتخابی بے ضابطگیوں، تشدد اور دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی عوام کا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے صدر اور حلقہ ایل اے 31 کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا، جب کہ اسی حلقے میں پارٹی کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوئے۔