خوشگوار حیرت، 40 سالہ مسروقہ کتاب دکان کو 27 ہزار روپے اور معذرت نامے کیساتھ موصول

Calender Icon جمعہ 7 اگست 2026

امریکا میں ایک کتابوں کی دکان کے عملے کو اس وقت خوشگوار حیرت کا سامنا ہوا جب وہاں موصول ہونے والے ایک پیکٹ سے ایک کتاب نکلی، جسے 40 سال قبل چوری کیا گیا تھا۔

کتاب کے ساتھ معذرت پر مبنی ایک خط اور 100 ڈالرز (27 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) بھی موجود تھے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے Old Town Eureka میں واقع ایک دکان بک لیگرز کو حال ہی میں ایک پیکٹ موصول ہوا۔

جب اس پیکٹ کو کھولا گیا تو دکان میں کام کرنے والے عملے نے The Unstrung Harp نامی کتاب دریافت کی۔

پیکٹ کے ساتھ موجود خط میں وضاحت کی گئی تھی کہ اس کتاب کو 40 سال قبل اس دکان سے چوری کیا گیا تھا۔

خط میں لکھا گیا تھا کہ ‘میں اس وقت طالبعلم تھا اور الکحل کا عادی تھا، مجھے پیسوں کی اشد ضرورت تھی مگر اس کے ساتھ ساتھ زندگی میں روحانی بیداری کی ضرورت تھی۔

خط میں اس شخص نے بتایا تھا کہ یہ کتاب حال ہی میں گیراج میں صفائی کے دوران ایک ڈبے میں سے ملی تھی۔

اس شخص کے مطابق میں یہ جان کر بہت خوش ہوا تھا کہ یہ دکان اب بھی کھلی ہے تو میں نے کتاب واپس کرنے اور معذرت کرنے کا فیصلہ کیا۔

خط کے ساتھ 100 ڈالرز بھی موجود تھے اور دکان کے مالکان کو کہا گیا تھا کہ اگر وہ مزید کوئی کارروائی کرنا چاہتے ہیں تو اس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

دکان کی مالک جینیفر میکفیڈین نے بتایا کہ وہ اور ان کے ملازمین یہ خط پڑھ کر بہت متاثر ہوئے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد حکومت خطرے میں ہے، الٹی گنتی شروع ہوچکی، بلاول بھٹو

جینیفر میکفیڈین نے کہا کہ مجھے یہ بہت حیران کن لگا کہ اتنے طویل عرصے کے بعد اس شخص نے اپنی غلطی پر پچھتاوا محسوس کرکے اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کی۔