مستونگ میں وزیر داخلہ بلوچستان کے قافلے پر حملہ، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی

Calender Icon جمعہ 14 اگست 2026

مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو کے قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو حملے میں محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ گرو کے مقام پر پیش آیا، جہاں میر ضیاء لانگو کا قافلہ قلات سے کوئٹہ جا رہا تھا۔ اچانک نامعلوم افراد کی جانب سے قافلے کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں میں نصر اللہ، سمیع اللہ اور زکریا شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

حملے کے بعد وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے ان کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے حملوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔

میر ضیاء لانگو کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات ہمارے عزم اور پاکستان سے محبت کو ختم نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا، **”پاکستان زندہ باد تھا، زندہ باد ہے اور زندہ باد رہے گا۔

دوسری جانب معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ میر ضیاء لانگو کے قافلے پر مستونگ کے علاقے میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ عناصر نے حملہ کیا۔

بابر یوسفزئی کے مطابق پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اسے پسپا کردیا، جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری اور واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے کارروائی جاری ہے۔