صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، سہ فریقی دفاعی معاہدے سے آگاہ کیا

Calender Icon جمعہ 14 اگست 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے سہ فریقی دفاعی معاہدے سے متعلق صدر مملکت کو آگاہ کیا۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے حوالے سے سہ فریقی معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔

ملاقات کے دوران داخلی اور خارجی امور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر **فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں** میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ انہیں مناسب نرخوں پر عوام کو دستیاب کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہییں۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں سے ملک کے عالمی مقام کو مزید تقویت ملے گی، جبکہ ان سفارتی کامیابیوں کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر بھی مرتب ہوں گے۔

بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری کو یومِ آزادی کی مبارکباد بھی دی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھے۔