اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک کی موسمیاتی صورتحال اور مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیےتمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ مؤثر رابطہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قدرتی آفات سے نمٹنے اور بروقت ردعمل کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے وزیراعظم کو متاثرین کی بحالی اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے این ڈی ایم اے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی پر زور دیا۔













ہفتہ 15 اگست 2026 

