اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے خدام الحجاج اور ناظمین کی بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق گریڈ 7 سے 18 تک کے سرکاری ملازمین ان عہدوں کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے، جبکہ درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکیں گی۔
خدام الحجاج اور ناظمین کے انتخاب کے لیے وزارت نے اوپن ٹیسٹنگ سروس (او ٹی ایس) کی خدمات حاصل کی ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اگست مقرر کی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق نگرانی کے عہدوں کے لیے 100 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جن پر گریڈ 17 اور 18 کے افسران درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ فیلڈ سپورٹ اسٹاف کے لیے 680 نشستیں رکھی گئی ہیں، جن پر گریڈ 7 سے 16 تک کے ملازمین اہل ہوں گے۔
خدام الحجاج اور ناظمین کے لیے نشستیں صوبائی کوٹے کے مطابق تقسیم کی جائیں گی۔
منتخب خدام الحجاج اور ناظمین حج 2027 کے دوران سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستانی حجاج کی خدمت پر مامور ہوں گے۔
ان کی ذمہ داریوں میں پاکستانی حجاج کے لیے رہائش، نقل و حمل، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی اور انتظامات میں معاونت شامل ہوگی۔
وزارت مذہبی امور نے اہل سرکاری ملازمین کو مقررہ مدت کے اندر درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔













اتوار 16 اگست 2026 

