میری فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے پائلٹ سے منگنی ہوئی تھی: فریال گوہر کا انکشاف

Calender Icon جمعرات 20 اگست 2026

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ فریال گوہر(Faryal Gohar) نے اپنی زندگی کی سچی محبت اور اس سے جڑے ایک افسوس ناک واقعے کا انکشاف کیا ہے۔

فریال گوہر نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران بتایا کہ میں اپنی زندگی کی محبت سے منگنی کر چکی تھی، جو فلسطینی شہری اور فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے پائلٹ تھے۔

اداکارہ کے مطابق ایک مرتبہ میرے منگیتر جس طیارے کو اڑا رہے تھے، دورانِ پرواز وہ طیارہ ریت کے شدید طوفان میں پھنس گیا، طیارے میں ایندھن بھی اتنا نہیں تھا کہ باحفاظت لینڈنگ کی جا سکے، ایسے میں میرے منگیتر نے یاسر عرفات کو طیارے کے باتھ روم میں لے جا کر وہاں محفوظ کیا اور دروازہ سیل کر دیا۔

فریال گوہر نے بتایا کہ یاسر عرفات کی جان بچانے کے لیے میرے منگیتر نے طیارے کو انتہائی خطرناک انداز میں نیچے کی جانب موڑا، تاہم اس کوشش میں وہ خود جان کی بازی ہار گئے۔

مزیدپڑھیں:ارباز خان سے محبت اور شادی کیسے ہوئی؟ اداکارہ خوشبو نے طلاق کے بعد بتا دیا

اداکارہ کے مطابق یہ المناک واقعہ ہماری شادی سے صرف 2 ہفتے قبل پیش آیا، میرے منگیتر کو اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی انتقال کر گئے۔

فریال گوہر نے بتایا کہ میرے منگیتر کے پاس ایک لاکٹ تھا جو میں نے انہیں دیا تھا اور اس پر ہماری ہونے والی شادی کی تاریخ کندہ تھی، انتقال سے قبل انہوں نے یہ لاکٹ ایک پاکستانی ڈاکٹر کو دیا اور درخواست کی کہ وہ یہ لاکٹ فریال گوہر تک پہنچا دیں۔

اداکارہ کے مطابق کئی برس بعد وہ پاکستانی ڈاکٹر مجھ سے ملے اور انہوں نے میرے منگیتر کی آخری نشانی وہی لاکٹ مجھے واپس کر دیا۔

فریال گوہر نے اس واقعے کو اپنی زندگی کی ایک ایسی یاد قرار دیا ہے جسے وہ آج تک نہیں بھلا سکیں۔