پاکستانی معدنی شعبہ آسٹریلوی کمپنیوں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک

Calender Icon منگل 21 اکتوبر 2025

سڈنی: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے آسٹریلوی کمپنیوں کو پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ سڈنی میں منعقدہ بین الاقوامی معدنیات و وسائل کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی معدنیاتی دولت کو ذمہ دارانہ طور پر ترقی دے کر معاشی ترقی کو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ہم آہنگ کر رہا ہے۔

علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ پاکستان گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، لیکن اسے موسمیاتی تبدیلی کے سخت اثرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے آسٹریلوی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے ویسٹرن آسٹریلیا کے ڈائریکٹر جنرل (منرلز) سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں آسٹریلیائی معیشت میں معدنی شعبے کے اہم کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا معدنی شعبہ آسٹریلوی کمپنیوں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔

یہ دورہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔