ٹوکیو کے قریب 5.9 شدت کا زلزلہ، 37 افراد زخمی

Calender Icon پیر 24 اگست 2026

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو(Tokyo) کے قریب اتوار کی علی الصبح 5.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں سے کم از کم 37 افراد زخمی ہوگئے جبکہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور معمولاتِ زندگی و سفری نظام بھی متاثر ہوا۔

جاپان کی محکمہ موسمیات ایجنسی (Japan Meteorological Agency) کے مطابق زلزلہ رات 2 بجے ٹوکیو کے قریب ایباراکی پریفیکچر کے جنوبی حصے میں آیا۔ زلزلے کی گہرائی 68 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، تاہم حکام نے سونامی کے خطرے کو مسترد کردیا۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد جاپان کے وارننگ سسٹمز متحرک ہوگئے، سڑکوں پر سائرن بجنے لگے جبکہ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے موبائل فونز پر بھی ہنگامی اطلاعات موصول ہوئیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے (US Geological Survey) نے زلزلے کی شدت 5.8 بتائی ہے، جبکہ جاپان کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی (Fire and Disaster Management Agency) کے مطابق کم از کم 37 افراد معمولی نوعیت کے زخمی ہوئے۔

سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں یوکوہاما میں 80 سالہ خاتون شامل ہیں، جو زلزلے کے بعد اپنے بستر سے اٹھ کر باہر نکلنے کی کوشش کے دوران گر گئیں اور ان کے کولہے پر چوٹ آئی۔ مقامی حکومت اور میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

زلزلے کے باعث اتوار کی صبح ٹوکیو اور گردونواح میں علاقائی ٹرین سروسز بھی متاثر ہوئیں۔ ایسٹ جاپان ریلوے کمپنی (East Japan Railway Company) کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت بعض ٹرینوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔

مزیدپڑھیں:آسٹریلیا کے خلاف تاریخی فتح، بنگلا دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں نیچے دھکیل دیا

ٹوکیو کے شمال میں واقع سائیتاما میں ایک عمارت کو بھی معمولی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ حکام دارالحکومت کے ایک علاقے میں پانی کی مرکزی لائن پھٹنے کے واقعے کی بھی تحقیقات کررہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا اس کا تعلق زلزلے سے ہے یا نہیں۔

جاپان کی محکمہ موسمیات ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ علاقے میں مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، کیونکہ ہفتے کے روز ہونے والی شدید بارشوں کے باعث زمین پہلے ہی نرم ہوچکی تھی اور زلزلے سے مٹی مزید کھسکنے کا خدشہ ہے۔

حکام نے آئندہ چند روز کے دوران طاقتور آفٹر شاکس آنے کے امکان سے بھی خبردار کیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جاپان میں اس سے قبل بڑا زلزلہ 28 جولائی 2026 کو جنوبی جزیرے کیوشو میں آنے والا 7.1 شدت کا زلزلہ تھا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا۔ اس واقعے کے دوران ایون مال کُماموتو (AEON Mall Kumamoto) میں عمارت کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچنے سے خریدار پھنس گئے تھے جبکہ بعد ازاں ہونے والے ایک بڑے دھماکے میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔