چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پاکستان آرڈیننس فیکٹری کا دورہ، دفاعی پیداوار اور خود انحصاری پر بریفنگ

Calender Icon ہفتہ 29 اگست 2026

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈیننس فیکٹری (POF) واہ کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدی استعداد اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد میں اس کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں اور ملکی سطح پر مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی تیاری کے ذریعے قومی دفاع کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور آزمائشی مراحل کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر پی او ایف کی جدت، خود انحصاری اور دفاعی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ڈیفنس انڈسٹری پروڈکشن ریفارمز ایکٹ (ڈیپرا) آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

انہیں مقامی سطح پر پیداوار اور صنعتی استعداد میں اضافے کے لیے جاری اقدامات، بالخصوص دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔

مزیدپڑھیں:یوٹیوب کے بعد کمائی کا نیا میدان؟ ‘بلی بلی’ نے تخلیق کاروں کے لیے پیسے کمانے کا نیا راستہ کھول دیا

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے میں دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کے فروغ کے لیے عسکری قیادت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔