فتنہ الخوارج نے بھتہ نہ دینے پر 6معصوم شہریوں کو زندہ جلا دیا

Calender Icon بدھ 22 اکتوبر 2025

میر علی: فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بربریت کی انتہا کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھتہ نہ دینے پر 6 نہتے اور معصوم شہریوں کو گاڑی میں بیٹھے ہوئے پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا۔ دہشت پھیلانے کے لیے یہ درندے عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔

دہشتگردوں نے گاڑی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں گاڑی کے اندر موجود 6 معصوم شہری جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ بھتہ نہ دینے کی وجہ سے پیش آیا۔ عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ کیسا اسلام اور جہاد ہے کہ ایسی درندگی سے معصوم افراد کو قتل کیا جائے؟

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور خوارج دہشتگردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فورسز کا کہنا ہے کہ ان درندوں کو کسی بھی قیمت پر گرفتار یا ختم کیا جائے گا۔

میر علی کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ “ہمیں ان درندوں سے نجات دلائی جائے۔” ان کا کہنا ہے کہ خوارج دہشتگردوں کی وجہ سے عام شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔